ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھگوان رام نے آپ کے ساتھ انصاف کر دیا، عآپ لیڈر سنجے سنگھ کا بی جے پی پر سخت حملہ

بھگوان رام نے آپ کے ساتھ انصاف کر دیا، عآپ لیڈر سنجے سنگھ کا بی جے پی پر سخت حملہ

Mon, 01 Jul 2024 11:18:35    S.O. News Service

نئی دہلی، یکم جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے سنگھ نے اتوار  کو ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری اور دیگر مسائل پر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانچ ایجنسیاں ملک کی سپریم کورٹ کو گمراہ کر رہی ہیں۔

عآپ کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے کہا کہ منیش سسودیا کے معاملے میں جب سپریم کورٹ نے ای ڈی سے پوچھا تھا کہ ڈیڑھ سال ہو گیا ہے، جانچ کب تک جاری رہے گی؟ تو اس وقت ای ڈی نے کہا تھا کہ وہ 6 ماہ میں چارج شیٹ داخل کرے گی لیکن وہ وقت بھی گزر گیا، تفتیش ابھی جاری ہے۔ ٹرائل تو بہت دور چارج شیٹ بھی نہیں آئی ہے۔ سنجے سنگھ نے ایودھیا میں بی جے پی کی شکست پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان رام نے بی جے پی کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ ایودھیا میں بھگوان رام کے مندر کے نام پر جہاں چندہ چوری کی وہاں بھگوان نے اسے ہرا دیا۔ جہاں-جہاں سے بھگوان رام گزرے وہاں سے بی جے پی کا صفایا ہو گیا۔

عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے اروند کیجریوال کی گرفتاری کے معاملے پر بھی بی جے پی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملنا یقینی تھا، عین اسی وقت مودی حکومت نے سی بی آئی سے کہا کہ وہ جائے اور اروند کیجریوال کو فوری طور پر گرفتار کرے۔ تفتیشی ایجنسیوں کا کس قدر علانیہ طور پر غلط استعمال ہو رہا ہے، اس کا اس بڑی مثال نہیں ہو سکتی۔ سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی آپ کو پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ آپ کس بدنیتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ آپ کی ای ڈی، سی بی آئی کی اسی کارروائی کے خلاف کل انڈیا الائنس کی تمام پارٹیاں پارلیمنٹ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔


Share: